ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / اندرا کینٹین کا افتتاح 16اگست کو ہوگا، غریب کی بھوک مٹانے کے منصوبے میں خدارا رکاوٹ نہ ڈالیں: سدرامیا

اندرا کینٹین کا افتتاح 16اگست کو ہوگا، غریب کی بھوک مٹانے کے منصوبے میں خدارا رکاوٹ نہ ڈالیں: سدرامیا

Sat, 05 Aug 2017 22:53:10    S.O. News Service

بنگلورو:5/ اگست(ایس  او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے شروع کی جارہی اندرا کینٹین کا افتتاح 16اگست کو عمل میں آئے گا۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی اس افتتاحی جلسہ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کئے گئے ہیں۔ اندرا کینٹین کے ذریعہ غریب ترین افراد، مزدوروں اور ضرورت مندوں کو رعایتی شرح پر کھانے کی فراہمی کی جائے گی۔ آج بی بی ایم پی کی حدود میں مختلف ترقیاتی پروگراموں کا معائنہ کرنے کیلئے سٹی راؤنڈ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے 198وارڈوں میں سے 125 وارڈوں میں اندرا کینٹین تیار ہورہی ہیں وارڈ نمبر ایک سے 125تک میں اندرا کینٹین کا افتتاح 16اگست کو ہوگا۔ جبکہ باقی 73 کینٹین 2؍ اکتوبر کو گاندھی جی کے 150 ویں جنم دن کے پر کھولے جائیں گے۔ اندرا کینٹین پر بعض حلقوں میں اعتراضات پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ ریاستی حکومت نے یہ سہولت غریبوں کی بھوک مٹانے کیلئے قائم کی ہے اس میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیل کے میدانوں اور دیگر مقامات پر اندرا کینٹینوں کے قیام کو احتجاج کا موضوع بناکر آگے بڑھنے والی بعض تنظیموں کو انسانی ہمدردی کے جذبے سے سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی معلنہ کھیل کے میدان یا پارک میں اندرا کینٹین قائم نہیں کی جائے گی بلکہ بی بی ایم پی یا دوسری سرکاری زمینات پر ہی اندرا کینٹین شروع کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ غریبوں کی بھوک مٹانے کے منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کریں گے خدا ان کا کبھی بھلا نہیں کرے گا۔انہوں نے کہاکہ اندرا کینٹین کی شروعات میں ریاستی حکومت کسی طرح کی عجلت نہیں کررہی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ کافی پہلے ہی بجٹ تقریر کے دوران اعلان کیا گیا تھاکہ اندرا کینٹین کی شروعات یوم آزادی کے موقع پر کی جائے گی اور اسی اعلان کے مطابق کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں جن فلاحی اسکیموں کا اعلان کیا گیا ہے، ریاستی حکومت انہیں ہر حال میں انجام تک پہنچانے کیلئے متحرک ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات قبل از وقت کرائے جانے کی خبریں بھی بعید از حقیقت ہیں۔ ان کی حکومت 13مئی 2013کو وجود میں آئی اور ریاستی اسمبلی کی تشکیل 28؍ مئی 2013کو ہوئی ، اس میعاد کے مطابق ریاستی حکومت اپنی مدت مکمل کرے گی، اور طے شدہ تاریخ پر ہی انتخابات ہوں گے۔ میٹرو ریلوے اسٹیشنوں کے آس پاس فٹ پاتھوں کی فراہمی کے مطالبے پر سدرامیا نے کہاکہ شہر کی اہم سڑکوں پر 729 کلومیٹر فٹ پاتھوں کی تعمیر کا کام جاری ہے، اس میں میٹرو ریلوے اسٹیشنوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ شہر کے ایچ ایس آر لے آؤٹ میں ساڑھے نو ایکڑ زمین پر بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے فلاٹ تعمیر کئے جارہے ہیں اس پر بی ڈی اے ڈھائی کروڑ روپے اور بی بی ایم پی کی طرف سے پانچ کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ آنے والے تین ماہ میں شہر کے ایم جی روڈ اور چرچ اسٹریٹ کو ٹنڈر شور کے تحت مکمل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ چالیس کروڑ روپیوں کی لاگت پر یہ پراجکٹ تعمیر ہورہا ہے، یہاں پر فٹ پاتھوں پر جدید طرز کا گرانیڈ اور دیگر سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں۔ شہر کے میستری پالیہ میں سات کروڑ روپیوں کی لاگت پر پارک کا کام مکمل ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے بنیادی انفرااسٹرکچر کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے جو گرانٹس مہیا کرائے گئے ہیں وہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہیں۔سڑک سدھار ، پلوں کی تعمیر ، نالوں کی صفائی اور دیگر سہولتوں کی تیاری کیلئے رواں سال بی بی ایم پی کو 7300 کروڑ روپیوں کا گرانٹ دیا گیاہے جو ریاست کی تاریخ میں اب تک نہیں دیاگیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے راجیندر ا نگر سلم علاقہ میں 625مکانات کی تعمیر کی جارہی ہے، جس کا انہوں نے آج سنگ بنیاد رکھا ۔یہاں پر آباد درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے خاندانوں کو یہ مکانات مہیا کرائے جائیں گے۔ایک مکان کی تعمیر پانچ لاکھ روپیوں میں کی جارہی ہے جس کیلئے ریاستی حکومت چار لاکھ روپیوں کی سبسیڈی دیتی ہے اور اس میں سے بھی مکین کو محض 50ہزار روپے ادا کرنے پڑیں گی۔وزیر اعلیٰ نے شہر کے ایم جی روڈ پر فٹ پاتھ کی خستہ حالت دیکھ کر اس کیلئے ذمہ دار ایک انجینئر کو معطل کرنے کا حکم اسی وقت جاری کیا۔ اسی طرح ایچ ایس آر لے آؤٹ میں غیر قانونی طور پر کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر روکنے میں ناکام اور ان کے انہدام کے حکم کو نظر انداز کرنے والے بی بی ایم پی اسسٹنٹ انجینئر وینکٹیش کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج ، وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی، رکن اسمبلی اور کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ ، رکن کونسل وی ایس اگرپا ، رضوان ارشد، وینی شا نیرو میئر جی پدماوتی، ڈپٹی میئر ایم آنند ، بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر پردیپ سنگھ کھرولہ ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ایل کے عتیق ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد ، شہر کے پولیس کمشنر سنیل کمار ، محکمۂ اطلاعات کے ڈائرکٹر ڈاکٹر پی ہرشا وغیرہ موجود تھے۔


Share: